صفحات

Friday, May 31, 2024

درسِ معرفت نمبر 4

 بسمہٖ ونصلی ونسلم علی رسولہٖ الکریم

4 - دَرس 2جون 2024 | بروز:اتوار24 ذیقعد 1445؁ھ | معلم : خواجہ طہ عامر نظامی امینی



 علمِ معرفت 

علم کسی آدمی کے اندرمعرفت کی ابتدائی صلاحیت پیدا کرتا ہے، یعنی چیزوں پر گہرائی کے ساتھ غور وفکر کرنا۔ جب کوئی شخص معرفت کو اپنا مرکزِ توجہ بناتا ہے، ۜوہ مسلسل طور پر اس کے بارے میں سوچتا ہے، وہ تخلیقات میں خالق کو جاننے کی کوشش کرتا ہے۔ اِس  غور وفکر کے نتیجے میں اس کے اندر ایک نئی شخصیت ابھرتی  ہے۔اسی شخصیت کا  نام عارف انسان ہے۔
جس شخص کو اِس قسم کی معرفت حاصل ہوجائے، وہ انتہائی سنجیدہ شخص بن جاتا ہے۔ وہ ہر چیز کو عارفانہ نظر سے دیکھتا ہے۔ وہ شدت کے ساتھ اپنا محاسبہ کرنے لگتا ہے۔اس کی عبادت اور اس کے اخلاق ومعاملات میں معرفت کے اثرات دکھائی دینے لگتے ہیں۔ اس کو فرشتوں کی ہم نشینی حاصل ہوجاتی ہے۔ اس کا لگاؤ سب سے زیادہ اُن چیزوں میں ہوجاتا ہے جو معرفت کی غذا دینے والی ہوں۔ وہ معرفت کے ماحول میں جیتا ہے اور معرفت کی ہواؤں میں سانس لیتا ہے۔
عوارف المعارف میں حضرت شیخ شہاب الدین سہروردیؒ نے فرمایا کہ :
شیخ یحیٰی بن معاذ رازی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ھیں کہ جبتک بندہ طلب معرفت میں مصروف رہتا ھے اس وقت تک اس سے یہی کہا جاتاہھے تم کچھ نہ اختیار کرو پسند نہ کرو اور اپنے اختیار و ذاتی خواہش سے کام نہ لو جب تک تم کو معرفت حاصل نہ ہو جائے ۔جب اُس کو معرفت حاصل ہو جاتی ہے تو وہ عارف بن جاتا ہے، تو اس وقت اس سے یہ کہا جاتا ہے چاہو تو اختیار کرو چاہو تو بے اختیار رہو ۔دونوں صورتیں یکساں ہیں یعنی اگر تم بے اختیار بنو گے تو وہ اختیارات ہمارے ہی ہونگے اور اگر تم با اختیار بنو گے تو یہ بھی ہمارے ہی حکم اور اختیار میں ہو گا ،وجہ اسکی یہ ہے کہ اختیار اور ترک اختیار دونوں صورتوں میں تمہارا ہمارے ساتھ تعلق ہے،یہ ایسا بلند مقام اور معزز ترین حال ہے کہ بندہ اس مقام عالی اور معزز حال پر اس وقت تک نہیں پہنچ سکتا جب تک وہ اختیار سے نکلنے اور تدبیر ترک کرنے کے بعد مالک اختیار نہ بن 
جائے ۔ان مزکورہ چار درجات کو طے کرے کیونکہ ترک تدبیر کا مطلب یہ ہے کہ ہستی کو فنا کر دیا گیا ہے (یہ مقام فنا ہے )۔
اسکے بعد جب اللہ تعالیٰ کی جانب سے تدبیر و اختیار اس کو دوبارہ عطا ہو جائیں تو یہ مقام بقا ہے اسکا مطلب یہ ہے کہ بندہ اپنی عارضی ہستی کو فنا کر کے حق کیساتھ شامل ہو گیا ہے۔ اس منزل و مقام پر پہنچ کر بندہ حق میں ذرہ برابر کجی نہیں رہتی اور مقام عبودیت میں اس کے ظاھر و باطن دونوں متحقق اور درست ہو گئے ہیں اور باطنی علم و عمل سے وہ معمورہو گیا ہے ۔اب وہ بارگاہ ِقرب کے مقام پر پہنچ کر اللہ تعالیٰ کے روبرو عجز و فقر کا دامن پکڑے ہوئے ہے اور رسول اللہ ﷺکے اس ارشاد گرامی کا اس پر اطلاق ہورہا ہے ۔بار الٰہا تو مجھے ایک لمحہ کے لیے بھی میرے نفس یا اپنی کسی مخلوق کے سپرد نہ فرما ورنہ 
میں ضائع ہوجاؤں گا تو میری اسی طرح حفاظت فرما جیسے نوزائیدہ بچے کی فرماتا ہے اور مجھے اکیلا نہ چھوڑ ۔
اَعرابی کے سوالات اور عَرَبی آقاﷺ  کے جوابات
        حضرتِ سیِّدُنا جلال الدین سیوطی شافعی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ القَوِی لکھتے ہیں  :  حضرتِ سیدنا ابوالعباسؒ  طلبِ عِلْم کے  لئے مِصْر  گئے، وہاں  پرانہوں  نے حدیث  کے بہت بڑے عالم حضرت سیدنا ابوحامد مصری  ؒ سے حدیث  خالد بن ولیدؓسنانے کی درخواست کی تو انہوں  نے مجھے ایک سال کے روزے رکھنے کا حکم فرمایا۔ اُن کے اِس حکم پر عمل کے بعد حضرتِ سیدنا ابوالعباسؒ  دوبارہ حاضرِ خدمت ہو ئے  تو حضرت سیدنا ابوحامد مصری  ؒ  نے اپنی سند سے حدیث  خالد بن ولیدؓ  سنا ئی  ۔چنانچہ حضرت سیدنا خالد بن ولید ؓ ُ سے روایت ہے کہ ایک اَعرابی (یعنی دیہات کا رہنے والا) نے بارگاہِ رسالت مآبﷺ میں حاضر ی دی اور عرض کی :
 دنیا وآخرت کے بارے میں  کچھ پوچھنا چاہتا ہوں  توجانِ کائنات ﷺنے ارشاد فرمایا : پوچھو! جو پوچھنا چاہتے ہو۔
آنے والے نے عرض کی : میں سب سے بڑا عالم بننا چاہتا ہوں  ۔
جانِ کائنات ﷺنے ارشادفرمایا : اللہ سے ڈرو، سب سے بڑے عالم بن جا ؤگے ۔
عرض کی :  میں  سب سے زیادہ غنی بننا چاہتا ہوں  ۔
 ارشادفرمایا : قناعت اِختیار کرو، غنی ہوجاؤ گے۔
عرض کی :  میں  لوگوں  میں  سب سے بہتر بننا چاہتا ہوں  ۔
 ارشادفرمایا : لوگوں میں  سب سے بہتر وہ ہے جو دوسروں  کو نفع پہنچاتا ہو ، تم لوگوں  کی لئے نفع بخش بن جا ؤ ۔     
عرض کی :  میں  چاہتا ہوں  کہ سب سے زیادہ عدل کرنے والا بن جاؤں  ۔
 ارشادفرمایا : جو اپنے لیے پسند کرتے ہو وہی دوسروں  کی لئے بھی پسند کرو، سب سے زیادہ عادِل بن جا ؤگے۔
عرض کی :  میں  بار گاہِ الٰہی میں  خاص مقام حاصل کرنا چاہتا ہوں ۔
 ارشادفرمایا : ذکرُ اللّٰہ کی کثرت کرو،  اللہ تعالیٰ کے خاص بندے بن جا ؤگے ۔
عرض کی :  اچھا اور نیک بننا چاہتا ہوں  ۔
 ارشادفرمایا :  اللہ تعالیٰ کی عبادت یوں کرو گویا تم اسے دیکھ رہے ہواور اگر تم اسے نہیں  دیکھ رہے تو وہ تو تمہیں  دیکھ ہی رہا ہے۔
عرض کی :  میں  کامِل ایمان والا بننا چاہتا ہوں  ۔
 ارشادفرمایا : اپنے اخلاق اچھے کر لو، کامل ایمان والے بن جا ؤگے۔
عرض کی :  (اللہ تعالیٰ کا) فرمانبردار بننا چاہتا ہوں ۔
 ارشادفرمایا : اللہ تعالیٰ کے فرا ئض  کا اہتمام کرو، اس کے مُطِیع( وفرمانبردار) بن جا ؤگے۔
عرض کی :  (روزقیامت) گناہوں  سے پاک ہوکر اللہ تعالیٰ  سے ملنا چاہتا ہوں ۔
 ارشادفرمایا :  غسلِ جنابت خوب اچھی طرح کیا کرو،  اللہ تعالیٰ  سے اس حال میں  ملو گے کہ تم پر کو ئی  گناہ نہ ہوگا۔     
عرض کی :  میں چاہتا ہوں کہ روزِ قیامت میرا حشر نورمیں  ہو۔
ارشادفرمایا : کسی پر ظُلْم مت کرو، تمہارا حَشْر نُور میں  ہوگا۔
عرض کی :  میں  چاہتا ہوں  کہ اللہ تعالیٰ  مجھ پر رحم فرما ئے ۔
 ارشادفرمایا : اپنی جان پر اور مخلوقِ خدا پر رحم کرو ، اللہ تعالیٰ تم پر رحم فرما ئے  گا۔
عرض کی : گناہوں  میں  کمی چاہتا ہوں ۔
 ارشادفرمایا :  اِستغفار کرو، گناہوں  میں  کمی ہوگی۔
عرض کی :  زیادہ عزت والا بننا چاہتا ہوں ۔
 ارشادفرمایا : لوگوں  کے سامنے  اللہ تعالیٰ  کے بارے میں  شکوہ وشکایت مت کرو، سب سے زیادہ عزت دار بن جا ؤگے۔
عرض کی : رِزْق میں  کشادگی چاہتا ہوں ۔
 ارشادفرمایا : ہمیشہ باوضو رہو، تمہارے رزق میں  فراخی آ ئے  گی ۔
عرض کی : ا للہ  و رسول کا محبوب بننا چاہتا ہوں ۔
 ارشادفرمایا : اللہ ورسول کی محبوب چیزوں  کو محبوب اور ناپسند چیزوں  کو ناپسند رکھو۔
عرض کی :  اللہ تعالیٰ کی ناراضی سے امان کا طلب گار ہوں ۔
 ارشادفرمایا : کسی پر غصہ مت کرو،  اللہ تعالیٰ کی ناراضی سے امان پاجا ؤگے۔
عرض کی : دعاؤں  کی قبولیت چاہتا ہوں  ۔   
 ارشادفرمایا : حرام سے بچو، تمہاری دعا  ئیں قبول ہوں  گی۔
عرض کی :  چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھے لوگوں  کے سامنے رُسوا نہ فرما ئے ۔
 ارشادفرمایا : اپنی شرم گاہ کی حفاظت کرو ، لوگوں  کے سامنے رُسوا نہیں  ہوگے۔
عرض کی : چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میری پردہ پوشی فرما ئے ۔
 ارشادفرمایا :   اپنے مسلمان بھائیو ں  کے عیب چھپا ؤ ، اللہ تعالیٰ تمہاری  پردہ پوشی فرما ئے  گا۔
عرض کی :  کون سی چیز میرے گناہوں  کو مٹاسکتی ہے؟
 ارشادفرمایا : آنسو، عاجزی اور بیماری ۔
عرض کی :  کون سی نیکی  اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے افضل ہے؟
 ارشادفرمایا : اچھے اخلاق، تواضُع، مصاءب پر صبر اور تقدیر پر راضی رہنا۔
عرض کی : سب سے بڑی برا ئی  کیا ہے؟ کون سی برا ئی اللہ تعالیٰ  کے نزدیک سب سے بڑی ہے؟
 ارشادفرمایا : برے اخلاق اور بُخْل ۔
عرض کی :  اللہ تعالیٰ کے غَضَب کو کیا چیز ٹھنڈا کرتی ہے ؟
  ارشادفرمایا : چپکے چپکے صدقہ کرنااور صِلہ رحمی۔
عرض کی : کونسی چیز دوزخ کی آگ کو بجھاتی ہے؟   
 ارشادفرمایا : روزہ۔
(جامع الاحادیث ، ۱۹/ ۴۰۵ ، حدیث  :  ۱۴۹۲۲)


No comments:

Post a Comment